5 پارکنگ پلازے ، کمرشل بلڈنگز بنانے کی منظوری
امین پور بازار، امام بارگاہ روڈ نزد ڈگلس پورہ 3مختلف مقامات اور بیرون کارخانہ بازار کی اراضی پر ملٹی سٹوری پلازے تعمیر ہو نگے ، 250سے زائد کمرشل دکانیں بنیں گی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہر کے وسط میں میونسپل کارپوریشن کی پانچ قیمتی پراپرٹیز پر پارکنگ پلازوں سمیت کمرشل عمارات کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی۔ کمشنر فیصل آباد و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن راجہ جہانگیر انور نے اجلاس کے دوران یہ منظوری دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ امین پور بازار، امام بارگاہ روڈ نزد ڈگلس پورہ کے تین مختلف مقامات اور بیرون کارخانہ بازار کی اراضی پر ملٹی سٹوری پلازے تعمیر کیے جائیں گے ۔ ان عمارات کے بیسمنٹ (تہہ خانے ) میں موٹر سائیکل پارکنگ کی وسیع سہولت فراہم کی جائے گی۔کمشنر کے مطابق مجوزہ پلازوں میں 250 سے زائد کمرشل دکانیں قائم کی جائیں گی، جبکہ پارکنگ پلازوں میں ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں اور تقریباً 250 کاروں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔
اس منصوبے سے آٹھ بازاروں اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو درپیش پارکنگ کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پلازوں میں دکانیں اور دفاتر کرائے پر دیے جائیں گے ، جس کے لیے ابتدائی ہوم ورک مکمل کیا جا رہا ہے ۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تعمیر کے لیے پی سی ون فوری طور پر تیار کیا جائے ۔اجلاس میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مرتضیٰ ملک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، میونسپل افسران عظمت فردوس، شیریں نیوٹن اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔