پی سی بی اور جواد سپورٹس کمپلیکس کے درمیان معاہدہ
فیصل آباد میں گراس روٹس کرکٹ کے فروغ پر کام، ٹورنامنٹس کرائے جائینگے
فیصل آباد(نیوز رپورٹر)پی سی بی اور جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کے درمیان فیصل آباد میں گراس روٹس کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ طے پاگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے فیصل آباد ضلع میں گراس روٹس کرکٹ ایونٹس کی ترویج اورسپانسرشپ کیلئے جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی مفاہمتی یادداشت ایم اویوپر دستخط کیے ہیں اس معاہدے پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز پی سی بی عبداللہ خرم نیازی اور جوادسپورٹس اینڈکلچرل کمپلیکس کے سی ای اوشیخ جواد افضل نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دستخط کیے معاہدہ پانچ سال کی مدت کے لیے موثر ہوگا ۔معاہدے کامقصدپی سی بی اوجواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کے درمیان ایک ایسا فریم ورک قائم کرنا ہے جسکے تحت ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ٹورنامنٹس کے انعقاد، فروغ اور انتظام میں باہمی تعاون کیا جائے ، تاکہ گراس روٹس کرکٹ کو مضبوط بنایا جا سکے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔
اس پیشرفت کے بعد جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ٹورنامنٹس کا اسپانسر کہلائے ، جن میں U15، U17، U19 چیلنج کپ، ڈسٹرکٹ سینئر چیلنج لیگ، انٹر کلب ایونٹس اور DCA ویمنز کرکٹ لیگ شامل ہیں ضلع میں ہونے والے ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے لیے مختلف ضروری سہولیات فراہم کرنے کا بھی ذمہ دارہوگااس موقع پر عبداللہ خرم نیازی ڈائریکٹرڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کا کہنا تھا کہ ہمیں جواد سپورٹس اینڈکلچرل کمپلیکس اور پی سی بی کے درمیان گراس روٹس کرکٹ ایونٹس کے فروغ اورانعقاد کے لیے اس اہم شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ۔ یہ ہمارے کرکٹ کے انتظامی نظام میں ایک بہترین مثال قائم کرتا ہے جہاں ایک مقامی ادارہ پی سی بی کے ساتھ مل کر کسی ضلع کی کرکٹ کے منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے مجھے یقین ہے کہ فیصل آباد کے کھلاڑی اورآفیشلزاس شراکت داری سے بہت فائدہ اٹھائیں گے اور ہم یہاں سے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لاسکیں گے ۔جواد افضل سی ای او جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس فیصل آبادکا کہنا تھا کہ یہ جوادسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہم پی سی بی کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں ہم پہلے بھی جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس میں پی سی بی کے مردوں اور خواتین کے متعدد کرکٹ ٹورنامنٹس کی میزبانی کر چکے ہیں اور اب ہم ایک قدم مزید آگے بڑھ رہے ہیں ۔