جماعت اسلامی نے فیصل آباد کو دو یونٹس میں تقسیم کردیا
محبوب الزماں میٹروپولیٹن اوریاسراقبال کھارافیصل آباد صدرکے امیرہونگے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی نے فیصل آباد کو دو تنظیمی یونٹس میں تقسیم کردیا۔نئے تنظیمی یونٹس فیصل آباد میٹروپولیٹن اورفیصل آباد صدرکے نام سے کام کرینگے ۔ پروفیسرمحبوب الزماں بٹ میٹروپولیٹن جبکہ یاسراقبال کھارافیصل آباد صدرکے امیرہونگے ۔حلقہ صدر تحصیل صدراورتحصیل جھمرہ کے علاقوں پرمشتمل ہوگا۔ صوبائی امیرجاویدقصوری نے مرکزی امیرحافظ نعیم الرحمن کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ یاسراقبال کھارانے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹربابر رشیدکی موجودگی میں اپنی ذمہ داری کاحلف اٹھایا۔
اس موقع پر صوبائی نائب امیررانا عبدالوحید، پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،میاں طاہرایوب سمیت اراکین شوریٰ،زونل امرابھی موجود تھے ۔یاسراقبال کھارا نے حلف کے بعد خطاب کرتے کہا اس منصب کو اعزاز نہیں بلکہ بھاری امانت اور عظیم ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ جماعت اسلامی میں قیادت کا مطلب اقتدار نہیں بلکہ اللہ کے دین کی سربلندی اور مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد ہے ۔پاکستان کو مسائل سے نکالنے کا واحد راستہ قرآن و سنت کی بالادستی، شفاف جمہوریت اور دیانتدار قیادت ہے ۔ہم کرپشن، ظلم اور ناانصافی کے اس نظام کو بدلنے کی جدوجہد کرینگے اور پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں قانون کی حکمرانی اور انصاف ہو اور ہر شہری باعزت زندگی گزار سکے۔