پولٹری ایسوسی ایشن وفد کی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات
ٹیکسز پر درپیش مشکلات سے آگاہ کیا،راشد محمود کی مسائل حل کی یقین دہانی
کمالیہ (نمائندہ دنیا )پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین پی پی اے عبدالباسط، وائس چیئرمین نارتھ ریجن ملک شریف اور سیکرٹری جنرل گل عزیز اعوان شامل تھے ۔وفد نے ایک روزہ چوزوں پر عائد 10 روپے فی چوزہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کچے پیکڈ چکن گوشت کی مصنوعات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کے باعث پولٹری انڈسٹری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد کا مؤقف تھا کہ ان ٹیکسز کے باعث نہ صرف پولٹری سیکٹر دباؤ کا شکار ہے بلکہ اس کے اثرات عام صارفین پر بھی پڑ رہے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بجٹ میں اس معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے پولٹری سیکٹر کی معاونت کی کوشش کی جائے گی۔ بعد ازاں وفد کی ملاقات ڈی جی ٹیکس پالیسی وزارت خزانہ ڈاکٹر نجیب میمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے بھی ہوئی۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ عید کے بعد اسلام آباد میں اجلاس منعقد کرکے پولٹری سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔