ٹو بہ ٹیک سنگھ :الیکٹرک بس سروس شروع نہ ہو سکی

ٹو بہ ٹیک سنگھ :الیکٹرک بس سروس شروع نہ ہو سکی

15بسیں چار ماہ قبل پہنچیں تاہم تکنیکی مسائل پر سروس کا آغاز نہ ہوسکا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہریوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی جانے والی الیکٹرک بس سروس تاحال شروع نہ ہو سکی، جسکے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 15 الیکٹرک بسیں تقریباً چار ماہ قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچائی گئیں لیکن انتظامی اور تکنیکی مسائل پر سروس کا باقاعدہ آغاز ابتک ممکن نہیں ہو سکا، یہ بسیں کھلے آسمان تلے کھڑی ہیں اور مسلسل دھوپ اور بارش پر انکے متاثر ہونے اورقومی خزانے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کا پروگرام دو مرتبہ طے ہونے کے باوجود منسوخ کیا جا چکا ہے ، جس سے شہریوں میں مایوسی اور تشویش پائی جا رہی ہے، شہریوں کے مطابق بار بار تاریخیں دی جا رہی ہیں مگر عملی طور پر منصوبہ شروع نہیں ہو پا رہا،شہریوں کا کہنا ہے کہ بس سروس شروع نہ ہونے سے انہیں مہنگی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ، رکشوں اور ویگنوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے ،طالبعلموں، ملازمین اور دیہی علاقوں سے آنے والے افراد کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ،عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ چارجنگ سٹیشن اور بس سٹاپس کی تعمیر فوری مکمل کر کے الیکٹرک بس سروس بلا تاخیر شروع کی جائے تاکہ شہریوں کو جدید، سستی اور محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں