11 کے وی کی جھولتی تاروں نے ایک اور جان لے لی
چک نمبر 411 گ ب میں رمضان واپڈا کی غفلت پر تاروں سے چھوگیا
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا ) چک نمبر 411 گ ب اٹھوال میں واپڈا کی مبینہ غفلت سے بجلی کی خطرناک اور زمین کے قریب لٹکتی تاروں نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔ ہفتہ کے روز 8 بجے رمضان اٹھوال جو اپنے گھر کی بھینسوں کے لیے گدھا گاڑی پر چارہ لے کر آرہاتھا کہ راستے میں گزرنے والی 11 کے وی مین لائن کی انتہائی نیچی اور جھولتی تاریں اسکے سر سے ٹکرا گئیں جس سے شدید کرنٹ لگنے سے رمضان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ عینی شاہدین اور اہل علاقہ کے مطابق مذکورہ مقام پر بجلی کی تاریں عرصہ دراز سے زمین کے انتہائی قریب لٹک رہی تھیں اور اس بارے میں کئی بار واپڈا حکام کو اطلاع بھی دی گئی مگر افسوس متعلقہ حکام کی مبینہ غفلت سے اس سنگین مسئلے کو حل نہ کیا گیا جس سے ایک اور محنت کش اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، اس سے پہلے بھی اسی جگہ پر ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں ۔ شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ایکسین واپڈا اور ایس ڈی او واپڈا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ راستے پر فوری طور پر نیا بجلی کا پول نصب کیا جائے اور مین تاروں کو اونچاکیا جائے اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔