سکندر کالونی میں گندا پانی جوہڑ کی شکل اختیار کر گیا

 سکندر کالونی میں گندا پانی جوہڑ کی شکل اختیار کر گیا

مچھروں،مکھیوں کی افزائش میں اضافہ ،جینامحال ،صفائی ،نکاسی آب کا مطالبہ

کمالیہ (نمائندہ دنیا)سکندر کالونی میں گندا پانی جمع ہونے کے باعث علاقہ جوہڑ کی شکل اختیار کر گیا ہے جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے سے گندا پانی کئی کئی دن تک گلیوں میں جمع رہتا ہے ۔ صورتحال سے مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر موذی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ متعدد بار متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا لیکن اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ گلیوں میں جمع گندا پانی بچوں اور بزرگوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن رہا ہے اور لوگ گھروں سے نکلنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔ اہلیانِ علاقہ نے میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں