آر پی او، کمشنر نے تھانہ بھوانہ کی عمارت کا افتتاح کر دیا
ماڈل پولیس سٹیشن میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم:سہیل اختر سکھیرا
فیصل آباد،چنیوٹ،بھوانہ(سٹی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا)آر پی او سہیل اختر سکھیرا،کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کے ہمراہ تھانہ بھوانہ کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ افسروں نے پولیس سٹیشن کے آپریشنل، انویسٹی گیشن و رہائشی کمروں کا وزٹ کیا اور شہریوں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کو بہتر سہولیات اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔
ماڈل پولیس سٹیشن میں عوام کو عالمی معیار کی سہولیات فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔ تھانہ میں ویٹنگ روم، خواتین اور بچوں کیلئے وکٹم سپورٹ ڈیسک،کمیونٹی روم اور تنازعات کے فوری حل کیلئے DRC کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام سے تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی اور عوام کو سہولیات کی بروقت اور آسان فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ماڈل پولیس سٹیشن شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قائم کیے گئے ہیں، بہتر پبلک سروس ڈلیوری پر شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ بہترین ماحول کی بدولت پولیس کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔