سحر و افطار کے اوقات میں گیس بندش کا سلسلہ جاری، شہریوں کو کھانا بنانے میں مشکلات
شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کے باوجود حکام خاموش تماشائی ،گیس لوڈ شیڈنگ پر ایل پی جی ،لکڑیوں سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ماہ صیام کا اختتام ہونے کو آگیا لیکن فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں سحر اور افطار کے اوقات میں سوئی گیس کی بندش اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ شہریوں کیلئے سحر وافطار کے اوقات کا اہتمام کرنا محال ہوگیا۔ گیس کی بندش پر شہری ایل پی جی اور لکڑیوں سمیت دیگر مہنگے ایندھن کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
ڈی ٹائپ کالونی، ملت کالونی، علامہ اقبال کالونی، وارث پورہ، کوریاں روڈ، سمندری روڈ، سمن آباد، نثار کالونی، مظفر کالونی، نوابانوالہ، مدینہ ٹاؤن، پیپلز کالونی، سرفراز کالونی، افغان آباد، رضا آباد، گلبرگ، منصور آباد، امین ٹاؤن، اور غلام آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ اور گیس کی بندش پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی بندش سے گھروں پر کھانا بنانے سمیت دیگر گھریلو امور کی انجام دہی بڑا امتحان بن چکی ہے ۔ گھروں پر گیس بالکل ہی نہیں آتی اگر آئے بھی تو پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ کھانا بنانا ممکن نہیں۔ شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کا اندراج کے باوجود بھی حکام مسئلے کے حل میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ گیس بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نا صرف ایل پی جی اور لکڑیوں سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں بلکہ ہوٹلز مالکان کی جانب سے بھی کھانوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ شہریوں نے گیس کی بندش اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کامطالبہ کیاہے۔