گوجرہ:بازار میں سائیکل سٹینڈ ، دکاندار سراپا احتجاج، روزگار متاثر
پیدل چلنے والے شہر یوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، مظاہرین کی نعرے بازی
گوجرہ (نمائندہ دنیا )گوجرہ کے معروف کاروباری مرکز تھانہ بازار کے وسط میں انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے سائیکل سٹینڈ کی وجہ سے کاروبار متاثر ہو گئے ہیں اور بازار سے گزرنا محال ہو چکا ہے ۔ اس کے خلاف دکاندار سراپا احتجاج بن گئے اور شدید نعرہ بازی کی گئی۔مقامی انتظامیہ نے چند ماہ قبل تھانہ بازار کے درمیان میں روڈ پر پارکنگ بنا کر کارنر پر سنگل نصب کیے تھے، جس کے باعث دکانداروں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں اور پیدل چلنے والے شہری، خصوصاً خواتین، کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریڈرز یونین ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر محمد ناصر چوہدری سمیت دیگر دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گوجرہ میں انتظامیہ کی جانب سے ناقص حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے ، جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں رک گئی ہیں۔ڈاکٹر محمد ناصر چوہدری نے واضح کیا کہ اگر انتظامیہ نے تھانہ بازار سے سائیکل سٹینڈ اور کارنر پر نصب سنگل نہ ہٹائے تو دکاندار شٹر ڈاؤن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔