تیزاب مل روڈ، بابر چوک کی سیوریج لائنیں مکمل کرنیکا حکم

تیزاب مل روڈ، بابر چوک کی سیوریج لائنیں مکمل کرنیکا حکم

نیسپاک حکام نے ایم ڈی واسا کو نئی بچھائی جانیوالی لائنوں پر بریفنگ بھی دی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے تیزاب مل روڈ اور بابر چوک پر بچھائی جانے والی نئی سیوریج پائپ لائنوں کا کام دو دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ملحقہ علاقوں کے ہزاروں مکینوں کو سیوریج کے مسائل سے ریلیف مل سکے ۔ایم ڈی واسا نے آفیسرز کالونی حق باہو روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز ایسٹ نعمان نور، نیسپاک کے نمائندے اور دیگر افسر بھی موجود تھے۔ نیسپاک حکام نے ایم ڈی واسا کو نئی بچھائی جانے والی پائپ لائنوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ آفیسرز کالونی حق باہو روڈ پر بچھائی جانے والی پائپ لائن کو دو دن کے اندر مکمل کیا جائے اور اس کے مین ہولز اور سڑک کی لیولنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اسی طرح بابر چوک سے ڈسپوزل اسٹیشن تک بچھائی جانے والی سیوریج لائن بھی آئندہ دو روز میں مکمل کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں پائپ لائنوں کے کنکشن لنک ہونے سے آفیسرز کالونی نمبر 2، حق باہو روڈ، یحییٰ ٹاؤن، اسلم گنج، اضافی آبادی یوسف آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو سیوریج آپریشنز میں نمایاں ریلیف حاصل ہوگا۔ثاقب رضا نے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں