شورکوٹ: اسسٹنٹ کمشنر نے بیوٹیفکیشن اور صفائی کا جائزہ لیا
شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشنما ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت
شورکوٹ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ صدف اکبر نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی توصیف الرحمن اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز حافظ محمد عثمان کے ہمراہ شورکوٹ سٹی میں جاری بیوٹیفکیشن سکیموں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا گیا اور متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کی گئیں کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشنما ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اس موقع پر شورکوٹ پریس کلب کے صحافی رانا محمد شبیر بھی موجود تھے جبکہ میونسپل کمیٹی کے عملے میں عمار فاروق اور محمد عثمان بھٹی بھی شامل تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہر کی خوبصورتی، صفائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور صاف ماحول میسر آ سکے ۔ دورے کے دوران شہر کی مجموعی صورتحال، صفائی ستھرائی کے نظام اور جاری ترقیاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شورکوٹ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔