وارث آباد :پرائمری سکول میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی
شورکوٹ (نمائندہ دنیا) گورنمنٹ پرائمری سکول وارث آباد میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث طلبہ، طالبات اور اساتذہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق تقریباً 40 سال قبل تعمیر کیے گئے اس سکول میں آج تک نہ تو چار دیواری بنائی جا سکی ہے اور نہ ہی بجلی کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ سکول میں چھ کلاسوں کے لیے صرف دو کمرے موجود ہیں، جس کے باعث بیشتر بچے اور بچیاں سخت گرمی اور سردی کے موسم میں سکول کے صحن میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سکول مین روڈ کے قریب واقع ہے اور چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی حفاظت کو خطرات لاحق ہیں، جبکہ چوری کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔اہل علاقہ اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول وارث آباد میں فوری طور پر چار دیواری تعمیر کی جائے ، بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مزید کلاس رومز بنا کر دیگر بنیادی مسائل حل کیے جائیں تاکہ بچوں اور بچیوں کو محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔