امریکہ واسرائیل کا ایران پر حملہ سفاکیت کی انتہا :علماکرام
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث سنٹرل پنجاب کے ناظم تبلیغ معروف عالم دین حضرت مولانا قاری احمد حسن ساجد، خالد محمود اعظم آبادی اور مولانا حبیب الرحمٰن مدنپوری نے مرکز سیدنا حسین بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما جامع مسجد یوسف اہلحدیث چک نمبر 219 تلیاں والا میں تاثیرِ قرآن کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
اس وقت پاکستان اندرونی اور بیرونی سازشوں کا شکار ہے ۔ غیروں کی خوشنودی کے لیے پاکستان کی بقا و سلامتی سے کھیلنے والے کبھی بھی ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے ۔ امریکہ اور اسرائیل کا ایران پر حملہ ظلم، بربریت اور سفاکیت کی انتہا ہے جبکہ ایران کی جانب سے عرب امارات پر حملے بھی قابل مذمت ہیں۔ سعودی عرب خصوصاً حرمین شریفین کی سلامتی ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس کا تحفظ حکومت اور افواج پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے ۔مقررین نے کہا کہ اس وقت عالم کفر پاکستان اور سعودی عرب کو کمزور کرنے اور توڑنے کی بین الاقوامی سازشوں پر عمل پیرا ہے ۔ یہ جنگ دراصل عالمی وسائل پر قبضہ کرنے کی مذموم سازش ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کی بقا اور سلامتی کا راز قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے ۔ اگر ہم دنیا میں سربلندی اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو ہمیں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت و فرمانبرداری اختیار کرنا ہوگی۔پروگرام کے اختتام پر مرکز میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے ، ملکی بقا و سلامتی اور استحکام، پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، آپریشن ضرب للحق کی مکمل حمایت، شہدائے اسلام و پاکستان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔