آلودگی کا باعث بننے والی 111 صنعتوں کی شہر سے منتقلی کا فیصلہ، ایم او یو پر دستخط

آلودگی کا باعث بننے والی 111 صنعتوں کی شہر سے منتقلی کا فیصلہ، ایم او یو پر دستخط

پہلے مرحلے میں 111 صنعتوں کو صنعتی زونز میں منتقل کیا جائے گا ،کمشنر آفس میں تقریب ،ڈویژنل انتظامیہ اور مختلف صنعتی شعبوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان معاملات طے پا گئے

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ اور مختلف صنعتی شعبوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان آبی و فضائی آلودگی کا باعث بننے والی صنعتوں کی شہری حدود سے منتقلی کے لیے باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے گئے ۔کمشنر آفس میں منعقدہ تقریب میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور، صدر چیمبر آف کامرس فاروق یوسف شیخ، چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن باؤ محمد اکرم، سینئر وائس چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن احمد افضل اعوان، فیصل آباد چیمبر آف سمال اسٹیٹ اینڈ سمال انڈسٹری کے نمائندے ، چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل اینڈ سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن شکیل احمد انصاری اور چیئرمین کونسل آف پاور لومز اونرز ایسوسی ایشن وحید خالق رامے نے دستخط کیے ۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز محمد عرفان، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر، ڈائریکٹر لیبر رائے یاسین اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔کمشنر فیصل آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں آبی و فضائی آلودگی کا باعث بننے والی 111 صنعتوں کو صنعتی زونز میں منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہر کے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کا مشن جاری ہے ، اور یہ اقدام فیصل آباد کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں