جعلی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل
ڈینٹل کلینکس اور مختلف لیبارٹریوں کو بھی چیک کیا گیا ، صفائی کے ناقص انتظامات
پینسرہ (نمائندہ دنیا )پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے پینسرہ اور گردونواح میں بغیر لائسنس چلنے والے کلینکس اور جعلی ڈاکٹروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ۔ اس دوران چیکنگ مہم کو مزید تیز کر دیا گیا اور مریضوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ۔جھنگ روڈ اور اس کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ 67 ج ب سدھار، قبرستان روڈ، بارگاہ چوک اور اڈا سدھار میں متعدد کلینکس کو چیک کیا گیا۔ چیکنگ کے دوران کئی ایسے کلینکس کی نشاندہی ہوئی جہاں نہ تو بنیادی طبی سہولیات موجود تھیں اور نہ ہی وہاں موجود افراد کے پاس کسی مستند ادارے کی ڈگری تھی۔
ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر اسرار کلینک سمیت متعدد غیر قانونی کلینکس کو سیل کر دیا۔ مزید برآں کارروائی کے دوران ڈاکٹر فیصل مدنی کلینک، ڈینٹل کلینکس اور مختلف لیبارٹریوں کو بھی چیک کیا گیا جہاں صفائی ستھرائی، طبی آلات کی حالت اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ان کلینکس میں علاج کے نام پر عوام سے بھاری رقوم وصول کی جا رہی تھیں جبکہ مریضوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے ۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ عوام کی شکایات پر یہ کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں اور آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔