خواتین کو محفوظ و باوقار ماحول کی فراہمی ترجیح : ڈاکٹر نجمہ
خواتین کو محفوظ و باوقار ماحول کی فراہمی ترجیح : ڈاکٹر نجمہ خاتون محتسب کی ویمن چیمبر کی ممبران سے ملاقات ، ہراسمنٹ پا لیسی پر گفتگو
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل نے فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بانی ویمن چیمبر روبینہ امجد اور صدر شاہدہ آفتاب سمیت دیگر عہدیداران موجود تھیں۔خاتون محتسب نے ویمن چیمبر کی ممبران سے ملاقات کی اور خواتین تاجروں و کاروباری شخصیات سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کام کی جگہ پر ہراسمنٹ کے خلاف قوانین اور حفاظتی اقدامات پر آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
ڈاکٹر نجمہ افضل نے کہا کہ اداروں میں ہراسمنٹ کے خلاف مؤثر پالیسیوں کے نفاذ کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ شکایات کے بروقت ازالے میں محتسب آفس فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی راستہ اختیار کر سکتی ہیں۔اس موقع پر ویمن چیمبر کی جانب سے خواتین کے مسائل کے حل کیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جنہیں خاتون محتسب نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں پرسنل سٹاف آفیسر حافظ فاروق انور بھی موجود تھے ۔