شہر بھر میں ریڑھی مافیا کے تجاوزات، سڑکیں اور بازار سکڑ گئے ، ٹریفک نظام متاثر

شہر بھر میں ریڑھی مافیا کے تجاوزات، سڑکیں اور بازار سکڑ گئے ، ٹریفک نظام متاثر

حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ،تجاوزات کے خاتمے کے لیے ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں مو ثر کارروائی کرنے میں ناکام، شہریوں کا کارروائی کا مطالبہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) شہر کی بیشتر مین شاہراہوں، گلیوں، محلوں اور اہم چوک چوراہوں پر مبینہ طور پر بااثر ریڑھی مافیا نے پنجے جما لیے ہیں، جس کے باعث سڑکیں سکڑ کر چند فٹ تک محدود ہو گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، جھمرہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، نڑوالا روڈ، سمن آباد روڈ، ڈی ٹائپ کالونی روڈ، علامہ اقبال کالونی روڈ، اے بی سی روڈ، گلبرگ روڈ، جناح کالونی روڈ، کینال روڈ، ڈھڈی والا چوک، ڈی ٹائپ پل، مدنی چوک، کوریاں پل، گیٹوں والا چوک، سلیمی چوک اور تیزاب ملز چوک سمیت متعدد مقامات پر غیر قانونی ریڑھیوں اور تجاوزات کے باعث ٹریفک مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق کئی فٹ چوڑی سڑکیں اور بازار تجاوزات کے باعث سکڑ گئے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک جام معمول بنتا جا رہا ہے بلکہ حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، تاہم مبینہ طور پر مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث مسئلہ برقرار ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریڑھی مافیا کے خلاف فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں، تجاوزات ختم کرکے سڑکیں کلیئر کی جائیں اور محفوظ و منظم ٹریفک نظام کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں