ایران کی قیادت کمزور ہو چکی، مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے: مارکو روبیو
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے حوالے سے سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔
ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت کمزور ہو چکی ہے اور ممکنہ طور پر مزید وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر ایرانی حکام موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے سنجیدگی سے راستہ تلاش کر رہے ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق ایران کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جہاں تنخواہوں کی ادائیگی میں دشواریاں ہیں اور معیشت جمود کا شکار ہے، جبکہ ملک پر عالمی سطح پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی عائد ہیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی عسکری صلاحیتیں بھی متاثر ہوئی ہیں اور ملک پہلے کے مقابلے میں کمزور ہو چکا ہے، تاہم اس حوالے سے ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔