بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں، مختلف امور پر گفتگو

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنماؤں نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

بلاول بھٹو زرداری سے سینیٹر وقار مہدی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، سندھ کی سیاسی اور تنظیمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آنے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران سینیٹ میں قانون سازی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر وقارمہدی کو ہدایت کی کہ سندھ میں تنظیمی نظم و ضبط پر پابندی کے حوالے سے مؤثر اقدامات کریں۔

بلاول بھٹو زرداری سے رکن سندھ اسمبلی محمد آصف خان، ماڑی پور ٹاؤن کے چیئرمین ہمایوں خان نے ملاقات کی اور بریفنگ دی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں حلقہ انتخاب میں پانی کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس 11 کے حلقہ انتخاب میں چار کمیونٹی ہالز بنائے گئے، ان ڈور گیمز کے لئے ایک سپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا، میئر مرتضیٰ وہاب نے نیٹی جیٹی پل کی بحالی اور تزئین و آرائش کیلئے خصوصی اقدامات کیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کو بریفنگ دی گئی کہ کیماڑی میں فوڈ سٹریٹ کے ایم سی کا شاہکارمنصوبہ ہے جس کو زبردست عوامی پذیرائی مل رہی ہے، ماڑی پور ٹاؤن انتظامیہ نے سلطان آباد میں کوئنز فیملی پارک کو مکمل کر دیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت ماہیگروں کو ڈیزل کی مد میں سبسڈی فراہم کرے۔

بلاول بھٹو زرداری سے سکھر کے میئر ارسلان شیخ نے ملاقات کی، سکھر کے میئر اور سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر ارسلان شیخ نے کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ چیف منسٹر پبلک کمپلین سیل میں سیکڑوں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، سکھر میونسپل کارپوریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کر دیا گیا ہے۔

ارسلان شیخ نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سکھر شہر کو پینے کے صاف پانی کا منصوبہ مکمل ہوگیا، پانی کے منصوبہ سے ایک لاکھ گھرانوں کے ساڑھے چھ لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا

بلاول بھٹو کو بریفنگ دی گئی کہ سکھر میں 50 فیصد سے زائد نکاسی آب دریائے سندھ میں صاف ہو کر جا رہا ہے، اگلے تین ماہ میں سوفیصد نکاسی آب صاف ہوکر دریائے سندھ میں جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بلائنڈ ڈولفن اور تازہ پانی کے کچھوؤں کی بقا اور تحفظ کیلئے سکھر میونسپل کارپوریشن خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

ارسلان شیخ نے بتایا کہ سکھر میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے پارکنگ، سڑکوں، پل، شجرکاری اور سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے جلد میگا منصوبے کا آغاز ہوگا، سکھر کے دو تعلقوں کو جوڑنے والے گڈانی پھاٹک اوور ہیڈ برج کا کام بھی جلد کام شروع ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں