امریکی حکام کا جنگ کے خاتمے کیلئے ایرانی تجاویز پر غور جاری ہے: ترجمان وائٹ ہاؤس
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، جن میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایرانی تجاویز پر غور کیا ہے، تاہم آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے کے کسی آپریشن سے متعلق معلومات نہیں ہیں۔
کیرولین لیویٹ نے انکشاف کیا کہ صدر ٹرمپ پر تیسری بار قاتلانہ حملہ ہوا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، 31 سالہ حملہ آور کول ایلن کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کو سیکرٹ سروس پر مکمل اعتماد ہے جبکہ واقعے کے بعد سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور وائٹ ہاؤس حکام شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے واضح کر دیا ہے کہ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی فنڈنگ کتنی اہم ہے اور ڈیموکریٹس کو اس حوالے سے اقدامات کرنے چاہئیں۔