افغان میڈیا کا یونیورسٹی پر حملے کا دعویٰ بے بنیاد، مسترد کرتے ہیں: وزارتِ اطلاعات
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان میڈیا کا یونیورسٹی پر حملے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔
وفافی دارالحکومت سے جاری بیان میں وزارت اطلاعات کے مطابق افغانی ٹی وی طلوع نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے 27 اپریل 2026 کو افغانستان کے صوبہ کنڑ میں حملے کیے اور سید جمال الدین افغان یونیورسٹی اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ افغان میڈیا کا یہ دعویٰ سراسر جھوٹ ہے، یہ جعلی دعویٰ ہمدردی حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے تاکہ افغان طالبان کی جانب سے فتنہ الخوارج کی حمایت کو چھپایا جا سکے، پاکستان کی کارروائیاں درست اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔
اِسی طرح سید جمال الدین افغان یونیورسٹی پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا، یہ محض بے بنیاد پروپیگنڈا ہے، یہ ایک پرانا طریقہ کار ہے جس کے تحت افغان میڈیا جعلی خبریں پھیلاتا ہے۔
دوسری جانب وزارتِ اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ یہ جعلی دعوے بعد میں بھارتی میڈیا بڑھا چڑھا کر پیش کرکے اپنے مذ موم عزائم حاصل کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔