پنجاب اسمبلی میں برسوں سے زیر التوا چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026 منظور

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں برسوں سے زیر التوا چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026 منظور کرلیا گیا۔

چیئرپرسن چائلد پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب اسمبلی میں بھاری اکثریت سے منظور کیا۔

اُنہوں نے کہا مریم نواز کے ویژن کے مطابق بچیوں کے تحفظ کے لیے تاریخی قانون سازی عمل میں لائی گئی۔

چیئرپرسن چائلد پروٹیکشن بیورو کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، کم عمر میں شادی کے باعث کمزور جسمانی صحت، زچگی کے دوران پیچیدگیاں اور شرح اموات میں اضافہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔

سارہ احمد نے کہا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026 میں کم عمری کی شادی پر سخت سزاؤں کی منظوری دی گئی،18  سال سے زائد عمر کے افراد کا کم عمر سے نکاح کرنے اور والدین یا سرپرست اگر کم عمری کی شادی میں معاونت کریں تو 2 سے 3 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس اہم قانون سازی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026، بچیوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا۔

چیئرپرسن نے کہا کہ کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لیے قانون سازی، معاشرے میں مثبت تبدیلی کی امید ہے، پنجاب حکومت کا شادی کی عمر سے متعلق قوانین مزید سخت کرنے کا احسن و تاریخی فیصلہ ہے۔

سارہ احمد کا مزید کہنا تھا کہ چائلڈ پروٹیکشن کے لیے مؤثر قانون سازی، آگاہی اور عملدرآمد پر زور دینے کیلئے خصوصی عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں