برف کے کارخانوں میں ناقص صفائی، شہریوں میں تشویش

برف کے کارخانوں میں ناقص صفائی، شہریوں میں تشویش

حفظانِ صحت کے اصول نظر انداز ، بلاکس میں گرد، مٹی، کیڑے مکوڑے

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر اور گردونواح میں قائم برف کے کارخانوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، آلودہ پانی کے استعمال اور برف میں کچرے کی موجودگی پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق متعدد آئس فیکٹریوں میں حفظانِ صحت کے اصول نظر انداز کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث غیر معیاری اور آلودہ برف روزانہ مارکیٹ میں سپلائی ہو رہی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ برف کی تیاری میں صاف پانی کے بجائے غیر فلٹر شدہ اور آلودہ پانی استعمال کیا جا رہا ہے ، جبکہ برف کے بلاکس میں گرد، مٹی، کیڑے مکوڑے اور دیگر آلائشوں کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ذرائع کے مطابق دکانداروں، ہوٹلوں، جوس کارنرز اور مشروبات فروشوں کی بڑی تعداد یہی برف استعمال کر رہی ہے ، جس سے عوام براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ آلودہ برف کے استعمال سے پیٹ کے امراض، ہیضہ، گیسٹرو، اسہال، ٹائیفائیڈ اور دیگر معدے کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ، جبکہ ناقص صفائی والے آئس پلانٹس جراثیم کی افزائش کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ برف کے کارخانوں کی فوری اور سخت چیکنگ کی جائے ، ناقص انتظامات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو صاف، محفوظ اور معیاری برف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں