لین لائن کی پابندی،ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں :سی ٹی او

لین لائن کی پابندی،ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں :سی ٹی او

اقدامات کا مقصد شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ اور حادثات میں کمی لانا ہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) شہری دوران ڈرائیونگ لین لائن کی پابندی کو یقینی بنائیں، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل یا دیگر گاڑیاں چلانا قانوناً جرم ہے ۔یہ بات چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے ضلع بھر کے ٹریفک سٹاف کو جاری ہدایات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس لین لائن کی پابندی، نظم و ضبط، بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے ۔ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں پر شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی لانا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی ایس پیز ٹریفک اور سیکٹر انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں متحرک ہو کر لین لائن کی پابندی کروائیں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ شہری کسی بھی ٹریفک رہنمائی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں