واسا ڈسپوزل سٹیشنز ، 30 مئی تک آپریشنل کرنے کا حکم

 واسا ڈسپوزل سٹیشنز ، 30 مئی تک آپریشنل کرنے کا حکم

شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے :ثاقب رضا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ڈسپوزل سٹیشنز پر اپ گریڈ کی گئی مشینری کو 30 مئی تک مکمل طور پر آپریشنل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔کنسٹرکشن اور آپریشنز ڈائریکٹوریٹس کے افسروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کو مون سون سیزن سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، اور اس حوالے سے تمام تر توجہ مشینری کی اپ گریڈیشن اور عملی تیاری پر مرکوز کی جائے ۔انہوں نے آپریشنز ڈائریکٹرز کو ہدایت دی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈ شدہ مشینری کو مقررہ تاریخ تک فعال بنایا جائے ، تاکہ بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی ممکن ہو سکے اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ تمام سکیمیں مون سون سے قبل مکمل ہو سکیں۔ ان کے مطابق موسم برسات کے دوران نکاسی آب کے نظام کوموثر اور فعال رکھنا ادارے کی اولین ذمہ داری ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سائٹس پر حفاظتی اقدامات سے متعلق جاری ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں