جھنگ:کڑیانوالہ قتل کیس، پولیس کی کارروائی،2ملزم گرفتار
جعفر اقبال اور خضر اقبال نے بہن کو تھپڑ مارنے کے واقعے کا بدلہ لینے کیلئے جر م کیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تھانہ صدر کے علاقہ کڑیانوالہ میں پیش آنے والے اندوہناک قتل کے واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے نامزد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔واقعہ میں عامر شہزاد نامی شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان جعفر اقبال اور خضر اقبال نے مبینہ طور پر اپنی بہن کو تھپڑ مارنے کے واقعے کا بدلہ لینے کے لیے یہ سنگین جرم کیا۔وقوعہ کے فوراً بعد پولیس نے جدید تفتیشی تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملز موں کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ شواہد کی بنیاد پر کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے کہا ہے کہ خاندانی تنازعات کو خونریزی میں بدلنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی بھی مجرم کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تنازعات کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں تاکہ معاشرے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے ۔