ماموں کانجن:رورل ہیلتھ سنٹر میں بنیادی سہولتوں کا فقدان

ماموں کانجن:رورل ہیلتھ سنٹر میں بنیادی سہولتوں کا فقدان

ہسپتال میں نہ تو گائنی کا مناسب طبی عملہ ہے نہ ضروری ادویات مو جو دہیں

ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)ماموں کانجن میں قائم رورل ہیلتھ سنٹر بنیادی سہولتوں سے محروم ہونے کے باعث شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن گیا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق ہسپتال میں نہ تو گائنی کا مناسب طبی عملہ دستیاب ہے اور نہ ہی ضروری ادویات موجود ہیں، جس کے باعث مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے گائنی مریض اکثر بغیر چیک اپ اور ادویات کے واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے مزید شکایت کی کہ ہسپتال انتظامیہ چند مریضوں کو پرچی جاری کر کے صبح 10 بجے کے بعد پرچیوں کا اجرا بند کر دیتی ہے۔

جس کے باعث دیر سے آنے والے مریض خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ بعض صورتوں میں مریضوں کو باہر سے ادویات لینے کی پرچی تھما دی جاتی ہے ، جو غریب عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے ۔عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رورل ہیلتھ سنٹرز کا مقصد بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ، لیکن یہاں الٹا عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے اور ہسپتال میں طبی عملے و ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں