ڈجکوٹ: لاک ڈاؤن کے دہرے معیار پر دکاندار پریشان

ڈجکوٹ: لاک ڈاؤن کے دہرے معیار پر دکاندار پریشان

بااثر افراد کی دکانیں رات بھر کھلی رہنے کا انکشاف،حکام سے نو ٹس کا مطالبہ

ڈجکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈجکوٹ میں لاک ڈاؤن کے دہرے معیار کے باعث دکانداروں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ عام تاجروں کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد معمولی تاخیر پر بھی پیرا فورس بھاری جرمانے عائد کرتی ہے اور دکانیں سیل کر دی جاتی ہیں، تاہم بااثر افراد اس قانون سے مبینہ طور پر مستثنیٰ ہیں۔رات 8 بجے عام مارکیٹ اور دکانیں بند کروا دی جاتی ہیں، لیکن لاری اڈہ ڈجکوٹ میں میونسپل کمیٹی آفس کے قریب متعدد دکانیں رات بھر کھلی رہتی ہیں، جس کے باعث دیگر بند ہونے والی دکانوں کے مقابلے میں ان بااثر دکانداروں کو ناجائز فائدہ پہنچتا ہے۔

شہریوں کا رش ان دکانوں پر بڑھنے سے اشیاء کی قیمتیں بھی زائد وصول کی جاتی ہیں۔گزشتہ رات 12 بجے کے قریب ان کھلی دکانوں اور رش کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو انتظامیہ حرکت میں آئی اور رات گئے ان دکانوں کو بند کرا دیا گیا۔غریب دکانداروں نے اس دہرے معیار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور یکساں قانون کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں