جھنگ:خصوصی افراد کو ای بائیکس، وہیل چیئرز کی فراہمی

جھنگ:خصوصی افراد کو ای بائیکس، وہیل چیئرز کی فراہمی

خصوصی افراد کو باوقار اور خود کفیل شہری بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری :علی اکبر

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور حکومت پنجاب کی جامع پالیسی کے تحت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ضلع جھنگ میں ایک اہم اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس اقدام کا مقصد خصوصی افراد کو معاشی و سماجی طور پر خود مختار بنانا اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے ۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر محمود، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، شیخ عبدالحنان اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شہباز خان نے شرکت کی اور مستحق خصوصی افراد میں ای بائیکس، وہیل چیئرز اور ہیئرنگ ایڈز تقسیم کیے۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حکومت پنجاب کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت خصوصی افراد کو باوقار اور خود کفیل شہری بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای بائیکس کی فراہمی سے نہ صرف ان کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ وہ روزگار اور دیگر سرگرمیوں میں بھی فعال کردار ادا کر سکیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں