عید پر گیس بندش، سوئی ناردرن کے دعوے دھرے رہ گئے
متعلقہ حکام عید کے دنوں میں گیس بندش کا فوری نوٹس لیں :شہریوں کا مطالبہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی (SNGPL) کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کے بلند و بانگ دعوے صرف اعلانات تک محدود رہ گئے ۔ کمپنی نے باقاعدہ شیڈول جاری کیا تھا کہ عید کے پہلے روز صبح 5 بجے سے رات 11 بجے تک جبکہ دوسرے اور تیسرے روز صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی، تاہم عید کے دوسرے روز ہی کئی علاقوں میں گیس کی بندش نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ عید جیسے اہم موقع پر مہمانوں کی آمد، قربانی کے گوشت کی تیاری اور کھانے پکانے کے دوران گیس کی عدم دستیابی نے تمام انتظامات درہم برہم کرکے رکھ دئیے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ ایک جانب مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے جبکہ دوسری جانب بنیادی سہولت گیس بھی مقررہ اوقات میں دستیاب نہیں، جس سے عید کی خوشیاں ماند پڑ گئیں۔شہری حلقوں نے سوئی ناردرن کے ‘‘بلا تعطل فراہمی’’ کے دعوؤں کو محض نمائشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کمپنی مسلسل گیس فراہمی یقینی نہیں بنا سکتی تو عوام کو سبز باغ دکھانے کے بجائے اصل صورتحال سے آگاہ کیا جائے ۔صارفین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عید کے دنوں میں گیس بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔