کمالیہ:محرم الحرام میں سکیورٹی و انتظامات سخت کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا
کمالیہ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑکے ہمراہ کمالیہ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی، چیف آفیسر علی رضا، صدر انجمن حسینیہ مرتضیٰ خان کھرل، صدر انجمن غلامانِ عون و کاشف سجاد خان کھرل سمیت امن کمیٹی کے عہدیداران، متعلقہ افسران اور مقامی عمائدین بھی موجود تھے ۔معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور عزاداروں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کو محرم سے قبل مکمل طور پر کلیئر کیا جائے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڈ نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔