چنیوٹ :ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت
معیارِ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ،مسلسل مانیٹرنگ جاری ر کھنے کا حکم
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے زیر تعمیر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ایکسین بلڈنگ محمد عدنان اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے دونوں منصوبوں پر تعمیراتی پیش رفت، معیارِ تعمیر اور مقررہ ٹائم لائن کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور معیارِ تعمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بہتر طبی اور فلاحی سہولیات کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے ، لہٰذا ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ زیر تعمیر ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کی باقی ماندہ تعمیراتی اور تکنیکی سرگرمیاں جلد مکمل کر کے عمارتیں متعلقہ محکموں کے حوالے کی جائیں تاکہ عوام ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔