چنیوٹ فرنیچر انڈسٹری کی ترقی کیلئے تعاون کر ینگے : مسرت جبیں
کمشنر سے فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد کاشف اشفاق کی ملاقات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد کاشف اشفاق نے کمشنر آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فرنیچر سازی کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، مقامی دستکاری کے فروغ اور اسے عالمی منڈیوں تک متعارف کرانے کے لیے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میاں محمد کاشف اشفاق نے کمشنر کو چنیوٹ فرنیچر انڈسٹری کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے اس صنعت کی استعداد بڑھانے اور برآمدی مواقع میں اضافے کے لیے درپیش چیلنجز اور ممکنہ حل سے بھی آگاہ کیا۔
کمشنر مسرت جبیں نے پاکستان فرنیچر کونسل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چنیوٹ فرنیچر انڈسٹری کو مزید فروغ دینے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کا فرنیچر اپنی منفرد کاریگری اور معیار کے باعث ملکی و بین الاقوامی سطح پر شناخت رکھتا ہے ، جسے مزید ترقی دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔کمشنر نے بتایا کہ ڈویژنل انتظامیہ عالمی معیار کی فرنیچر نمائش کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے ، جس میں پاکستان فرنیچر کونسل کو بھی شریک کیا جائے گا تاکہ مقامی صنعتکاروں کو اپنی مصنوعات عالمی خریداروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع مل سکے۔