فیصل آباد میں 5 اہم شاہراہوں کی کارپٹنگ جاری ، مزید سڑکوں کی بحالی کا شیڈول تیار
کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے تحت تعمیرات، 25 کروڑ روپے سے مزید چار روڈز کی مرمت جلد شروع ہوگی،اور ڈویژنل انتظامیہ کے افسر فیلڈ میں کوالٹی چیکنگ کے لیے متحرک
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) انتظامیہ شہریوں کو آمدورفت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل سرگرم ۔میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام شہر کی پانچ اہم مرکزی و ذیلی شاہراہوں کی کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے کارپٹ تعمیر کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مسرت جبیں نے بتایا کہ جیل روڈ، اعوان چوک تا مہدی محلہ پھاٹک نشاط آباد، اعوان چوک تا سمبل چوک، احمد نگر اور حسیب شہید کالونی روڈ کی کارپٹنگ کا کام جاری ہے ،تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور ڈویژنل انتظامیہ کے افسر فیلڈ میں کوالٹی چیکنگ کے لیے متحرک ہیں۔
ان شاہراہوں کی بحالی سے شہریوں کو آرام دہ اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔کمشنر نے بتایا شہر کی 20 شاہراہوں کی کارپٹنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ مزید 9 سڑکوں کی کارپٹنگ بھی شیڈول میں شامل ہے ۔میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام تقریباً 25 کروڑ روپے کی لاگت سے چار اہم سڑکوں کی ہائی ویز طرز پر مرمت و بحالی اور کارپٹنگ کا کام آئندہ چند روز میں شروع کیا جا رہا ہے ، جن میں تیزاب ملز چوک تا ستیانہ روڈ (خواجہ اسلام روڈ)، کینال روڈ تا سانگلہ ہل فیصل آباد روڈ (کشمیر روڈ)، فیصل آباد سانگلہ ہل روڈ تا ویسٹ کینال روڈ (فیسکو روڈ) اور ساحل ہسپتال تا نشاط آباد برج مین شیخوپورہ روڈ شامل ہیں۔