وزیر اطلاعات کی محرم پر ڈویژنل امن کمیٹی ارکان سے ملاقات

 وزیر اطلاعات کی محرم پر ڈویژنل امن کمیٹی ارکان سے ملاقات

محرم میں پرامن ماحول کا قیام حکومت، علما، امن کمیٹیوں کی ذمہ داری:عظمیٰ بخاری

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد ڈویژن کے دورے پر ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور محرم کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا۔ امن کمیٹی ارکان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،حافظ امجد، علامہ طاہر الحسن، حافظ مقبول ، یاسین ظفر، جعفر نقوی، اسلم بھلی، شاہد رزاق، عاشق رضوی، فاروق، رضا شاہ، امیرالدین رضوی، مفتی عبدالمعید، ممتاز گوندل اور مفتی نصرالدین و دیگر شخصیات نے ملاقات کی ۔ امن کمیٹی ارکان نے محرم کے دوران صوبے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں کو سراہا ۔

عظمیٰ بخاری نے خطا ب میں کہا کہ محرم کے دوران پرامن ماحول کا قیام حکومت، انتظامیہ، علما کرام اور امن کمیٹیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ فیصل آباد ڈویژن کی امن کمیٹی نے ہمیشہ قیامِ امن میں مثالی کردار ادا کیا اور اس سال بھی انتظامیہ سے تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔ عاشورہ کے جلوسوں اور نمازِ جمعہ کے پرامن انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں اور منتظمین کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پیدا کی جائے گی۔ پنجاب حکومت اور تمام ادارے امن و امان کے قیام کیلئے پوری طرح متحرک ہیں اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے امید ظاہر کی کہ علما کرام، امن کمیٹیوں، انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے محرم ا کے اجتماعات اور جلوس پرامن ماحول میں ہونگے اور فیصل آباد ڈویژن امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں