ایف بی آر کی غفلت:ریسٹورنٹس ٹیکس چوری میں مصروف
گٹ والا پل پر بڑے ریسٹورنٹ سمیت دیگر کئی جگہوں پر ایف بی آر انوائس کے بغیر جعلی رسیدیں پکڑی گئیں ،سیلز چھپاکر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جارہا
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ایک جانب جعلی رسیدوں اور ٹیکس وصولی کے نظام میں جدت لانے اور سختی کرنے کے دعوے تو دوسری جانب جعلی رسیدوں کے ذریعے سیلز چھپا کر ریسٹورینٹس سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے میں مصروف،گٹ والا پل کے بڑے ریسٹورینٹ سمیت دیگر کئی جگہوں پر ایف بی آر انوائس کے بغیر جعلی رسیدیں پکڑی گئیں ۔ایف بی آر انوائس رسید مانگنے پر کسٹمرز کو مزید 16 فیصد اضافی ادا کرنا پڑتا ہے ورنہ بغیر انوائس کے پرنٹڈ رسید دے کر سیلز چھپاکر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جاتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایک جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹیکس چوروں کیخلاف کڑے احتساب اور سخت اقدامات کی تیاری کرلی ، وزیر اعلی ٰکی ہدایت پر پنجاب حکومت میرج ہالز،مارکیز،فوڈ چینز اور بڑے کاروبار سے فارم ہاؤسز تک ہر ٹرانزیکشن کا حساب رکھنے کیلئے کیمرے لگانے پر غور کررہی ہے اس سے قبل بڑی بیکریز سمیت دیگر کاروباری مراکز پر ایف بی آر کے نمائندوں کو تجرباتی طور پر بٹھایا بھی جاچکا ہے۔
تاہم ابھی تک کیمرے لگانے کا حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ٹھان لی ہے کہ جعلی رسیدیں دینے اور سیلز چھپانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی بڑے ریسٹورنٹس میں کیش وصولی کی بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ لازمی کرنے پر غور کیا جارہا ہے کیش سے ڈیجیٹل پر جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ٹیکس چوری پر نو ٹالرنس،کیمرے کی آنکھ بھی دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم بھی پکڑے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہر ہفتے رپورٹ حاصل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے لیکن افسوس دوسری جانب ایف بی آر حکام کی سنگین غفلت سے آج بھی ٹیکس چوری ہورہی ہے ۔ گٹ والا پل کھرڑیانوالہ روڈ کے معروف ریسٹورینٹ کی جانب سے جعلی رسیدیں دی جارہی ہیں جس پر ٹیکس انوائس نمبر ہی موجود نہیں ہوتا اگر کوئی کسٹمر انوائس نمبر والی اصلی رسید کا مطالبہ کرتا ہے تو ٹال مٹول کے بعد بل کا 16 فیصد مزید مانگ لیا جاتا ہے یوں روزانہ سینکڑوں کسٹمرز کو جعلی بل دے کر سیلز چھپائی جاتی ہے اور سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے مگر ایف بی آر حکام کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔