جماعت اسلامی مہنگائی کیخلاف تحریک تیز کرنے کا اعلان
حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو تحریک حکومت گراؤ مہم بن جائے گی:محبوب الزماں بٹ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف تحریک تیزکرنے کااعلان کردیا۔ 7گست کو نوجوان اپنی موٹر سائیکلیں سڑکوں پر کھڑی کرکے احتجاج کریں گے ، تمام اضلاع کو ملانے والی اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمبولینسوں اور دیگر ہنگامی امدادی گاڑیوں کو راستہ دیا جائے گا۔ضلعی امیر جماعت اسلامی پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد سلیم کے ہمراہ المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے احتجاجی تحریک روکنے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے تو مہنگائی کے خلاف جاری تحریک حکومت گراؤ مہم میں تبدیل ہو جائے گی۔ اب فیصلہ کن وقت آ چکا ہے ، حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے قومی مفاد میں فیصلے کرے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل اور اس کا اختیار اوگرا کو دینے کا اعلان عوام کے ساتھ دھوکہ ہے ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے الزام عائد کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے ناجائز وصولیاں کر رہی ہے ۔ اگر پٹرولیم لیوی ختم کر دی جائے تو پٹرول کی فی لیٹر قیمت 200 روپے سے بھی کم ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی مراعات اور غیر ضروری اخراجات کم کریں۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے ، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کرے ، بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پائے اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں ایران۔امریکہ جنگ سے قبل کی سطح پر واپس لائے ۔ ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے حکومت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments