ربیع الاول ،بازاروں کی تزئین و آرائش اور صفائی یقینی بنانیکا فیصلہ
دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے سامان رکھ کر تجاوزات قائم نہ کریں:بابر صاحب دین
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے ربیع الاول کے حوالے سے ضلع بھر میں بہترین انتظامات، بازاروں کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے انجمن تاجران کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا، جس میں متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران اور انجمن تاجران کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے انجمن تاجران کے نمائندگان پر زور دیا کہ دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے سامان رکھ کر سرکاری جگہ، فٹ پاتھ یا سڑک پر تجاوزات قائم نہ کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور جلوسوں کی آمدورفت میں آسانی کے لیے بازاروں اور اہم گزرگاہوں کو ہر صورت کشادہ رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں بازاروں، اہم شاہراہوں اور کاروباری مراکز کی صفائی، خوبصورتی اور تزئین و آرائش یقینی بنائی جائے گی۔ ربیع الاول کے دوران بازاروں اور دکانوں کو خوبصورت انداز میں سجانے کے ساتھ عمارتوں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز پر چراغاں، آرائشی لائٹس اور دیگر سجاوٹی انتظامات کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام سجاوٹ اور دیگر انتظامات مقررہ ضابطہ اخلاق اور حفاظتی اصولوں کے مطابق کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments