یوم دفاع ، ڈی ایم سی کے ہونہار طلبہ میں ایوارڈز تقسیم
آج ہم دنیا کو یہ پیغام دے رہے پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے : کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ڈویژنل ماڈل کالج کے ہونہار طالب علموں میں ایوارڈز کی تقسیم اس عزم کا پیغام ہے کہ جس طرح 6 ستمبر 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم نے دنیا کو اپنے ناقابل تسخیر ہونے کا ثبوت دیا، اسی طرح آج ہم دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ڈویژنل ماڈل کالج میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ہم اپنے مستقبل سے متعلق ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور جب تک ہمارے تعلیمی ادارے قابل اور ہونہار طالب علم پیدا کرتے رہیں گے، ان شاء اللہ پاکستان کا پرچم اقوام عالم میں ہمیشہ بلند رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی کوئی عام نہیں بلکہ ایک خاص اور نمایاں تعلیمی ادارہ ہے ۔ طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ملنے والے ایوارڈز ان کی ماضی کی کارکردگی کا اعتراف ہیں، تاہم آج کا پیغام یہ ہے کہ محنت، لگن، جذبے اور اپنے مقصد پر توجہ میں کسی قسم کی نرمی نہیں آنی چاہیے ۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ ایوارڈز خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر دیئے گئے ہیں، لہٰذا طلبہ محنت کو اپنا شعار بنائیں اور زندگی کے ہر میدان میں کامیابیاں اور اعزازات حاصل کریں۔ انہوں نے طالب علموں کو تلقین کی کہ وہ اس منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں کہ سفارش یا پیسوں کے بغیر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو یونیورسٹیوں میں داخلوں، امتحانی نتائج اور عملی زندگی میں میرٹ کی اہمیت واضح طور پر نظر آئے گی۔ انہوں نے شاندار تقریب کے انعقاد پر انتظامیہ اور منتظمین کو مبارکباد بھی دی۔تقریب کے دوران طالب علموں نے ملی نغمے پیش کیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments