صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا دورۂ جرمنی مکمل، وطن واپسی کے لیے روانہ
برلن:(دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری جرمن صدر کی دعوت پر جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے، صدرِ مملکت کو برلن ایئرپورٹ پر اعلیٰ جرمن حکام اور سفیرِ پاکستان نے الوداع کیا۔
صدر آصف علی زرداری کا دو دہائیوں سے زائد عرصے کے تعطل کے بعد جرمنی کا دورہ پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
دورے کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور جرمن صدر کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
ان ملاقاتوں کو پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی روابط، باہمی تعاون اور خیرسگالی کے فروغ کے تناظر میں اہمیت حاصل ہے۔
دورۂ جرمنی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی راہیں ہموار ہونے کی توقع ہے۔
جرمنی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے صدرِ مملکت کی پرتپاک میزبانی بھی دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی روابط کی اہمیت کو اُجاگر کرتی ہے۔
صدرِ مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور مستقبل میں تعاون کے مواقع بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments