پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کل پاکستان پہنچیں گی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کل پاکستان کے دورے پر پہنچیں گی، دورے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کل رات گئے پاکستان پہنچیں گی، ان کے ہمراہ آنے والا وفد چینی وزارت اطلاعات اور وزارت خارجہ کے حکام پر مشتمل ہوگا۔

ایئرپورٹ پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ، چینی سفارت خانے کا عملہ اور پاکستانی حکام وفد کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماؤ ننگ کے دورہ پاکستان کے دوران چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کیا جائے گا، وہ پاکستان چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، یہ تقریب پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات اور سی پیک کا حصہ ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان اپنے دورے کے دوران پاکستانی وزارت خارجہ بھی جائیں گی جہاں ان کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے ترجمانوں کے درمیان 26 اکتوبر کو مشاورت بھی ہوگی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات و ابلاغ کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے قیام کا مقصد میڈیا، سٹریٹجک کمیونیکیشن، معلومات کے تبادلے، پبلک ڈپلومیسی اور ثقافتی تعاون کے شعبوں میں پاک چین اشتراک کو مزید فروغ دینا اور مستحکم بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق چین کے ایک اور وفد کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...