اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، گندم مہنگی کرنے کے رجحان پر اظہارِ تشویش

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر اظہار تشویش کیا ہے۔

 سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی، ملکی ذخائر اور قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی دستیابی، قومی ذخائر، خریداری کے نظام، مقامی کھپت اور قیمتوں کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کے ملکی ذخائر تسلی بخش ہیں اور موجودہ ذخائر مقامی مارکیٹ میں فراہمی کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد دے رہے ہیں جب کہ ملکی ذخائر اور درآمدی گندم اگلی فصل کی آمد تک ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔

نائب وزیراعظم  نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے گندم کی فراہمی بڑھانے سمیت تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اسحاق ڈار نے اس امر پر زور دیا کہ ضروری اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ صارفین کو غیر ضروری مہنگائی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اجلاس کو چینی کی مارکیٹ صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا کہ مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام کی مقررہ پرچون قیمت سے نمایاں طور پر کم ہے۔

حکام نے بتایا گیا کہ آئندہ کرشنگ سیزن تک چینی کے مطلوبہ استعمال سے زائد ذخائر موجود ہیں، جس سے مقامی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور ضروری اشیاء مناسب قیمتوں پر عوام کو فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں اشیاء کی خرید و فروخت کے نظام پر کڑی نظر رکھی جائے اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

نائب وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹ میں قیاس آرائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضروری اشیائے خورونوش کے ذخائر، طلب و رسد اور قیمتوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی غذائی اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب رہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...