کشمیر پاکستان کی شہ رگ، دونوں لازم و ملزوم ہیں: صدر آزاد کشمیر
مظفر آباد: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا ہے کہ آزاد حکومت کشمیر پاکستان کی شہ رگ، دونوں لازم و ملزوم ہیں۔
مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے 79ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد نجیب خان کا کہنا تھا کہ 24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومت کا قیام ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کا ثمر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور اپنے اسلاف کی جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر لازم و ملزوم ہیں، انہوں نے تحریکِ آزادی کشمیر کے تناظر میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے اس حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر محمد نجیب خان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی استقامت، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور مضبوط ادارے ایک خوشحال اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہیں، ریاست کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments