بی آئی ایس پی پر اربوں روپے خرچ، غربت میں کمی کا ہدف بدستور چیلنج : حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی پر اربوں روپے خرچ، غربت میں کمی کا ہدف بدستور چیلنج ہے۔

شہر قائد میں کارکنوں کے اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا بلدیاتی نمائندوں کو محلہ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، شہر کی روشنیاں بحال کرنے اور مینڈیٹ کے تحفظ کا عزم کرنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ جماعت اسلامی کا کام عوام کو ان کے حقوق دلوانا ہے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو شہر کی روشنیاں بحال کرسکتی ہے، اس مرتبہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یحییٰ خان اور ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا تھا جس کے نتیجے میں ملک ٹوٹ گیا، یہ لوگ گورنر راج اور ایمرجنسیوں کے ذریعے حکومت چلاتے ہیں۔ 

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ غریبوں کے نام پر جاری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت کی حقیقت یہ ہے کہ سالانہ 800 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کے باوجود یہ پروگرام ملک میں غربت ختم کرنے میں ناکام رہا۔

اُنہوں نے کہا کہ پچھلے 8 سال میں غربت کی شرح 21 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد پر پہنچ گئی، عالمی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAAP) کے خطے میں یومیہ تین ڈالر سے کم پر زندگی گزارنے والے انتہائی غریب افراد میں سے تقریباً 48 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے سالوں میں خرچ کیے گئے یہ ہزاروں ارب روپے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل بدل سکتے تھے اگر بہتر منصوبہ بندی اور ترجیحات کے ساتھ خرچ کیے جاتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...