شہباز شریف کی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے ملاقات کی، وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل تیز کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنے تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق ملنے تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments