ٹرمپ کا ایران جنگ جلد ختم کرنے کا دعویٰ، یوکرین میں سٹارلنک کا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ٹرمپ نے ایران جنگ جلد ختم کرنے کا دعویٰ کردیا جب کہ یوکرین میں سٹارلنک کا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کے بعد روسی ڈیزل کا ٹینکر امریکا روانہ ہو گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ بہت جلد ختم کر سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے یوکرین میں سٹارلنک کی رسائی میں کسی مسئلے کی صورت میں اسے حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دوسری جانب ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان معاہدے کے بعد روسی ڈیزل کا پہلا ٹینکر امریکا روانہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس نے 2 لاکھ 98 ہزار بیرل ڈیزل امریکا بھیجا ہے، جو 7 نومبر کو نیویارک پہنچ سکتا ہے، روسی بندرگاہ پرائمورسک سے روانہ ہونے والے اس جہاز کی روانگی کی کریملن نے تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی منڈی میں روسی ڈیزل کی رسد بڑھانے کے لیے پابندیوں میں نرمی کی ہے، امریکا میں روزانہ ڈیزل کی کھپت 38 لاکھ بیرل ہے، اس لیے روسی کھیپ امریکی ضرورت کا ایک دن بھی پورا نہیں کر سکے گی اور قیمتوں پر اس کے محدود اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ امریکا میں ڈیزل کی قیمتوں میں رواں سال 78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تقریباً ساڑھے چار سال بعد روسی ڈیزل کی امریکا کو برآمدات بحال ہونے جا رہی ہیں۔ امریکا نے اپریل 2022 میں روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments