روس نے اسرائیل کے ماسکو پر یہود دشمن مہم میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کر دیے
ماسکو: (شاہد گھمن) روس نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے انٹرنیٹ پر یہود دشمن مہم میں روس کے مبینہ کردار سے متعلق الزامات کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ان پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو کو نیتن یاہو کی جانب سے روس کے خلاف عائد کیے گئے ان الزامات پر حیرت ہوئی ہے، خصوصاً اس لیے کہ روس اور اسرائیل کے درمیان مشترکہ تاریخی تعلقات موجود ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل جیسے ملک کے وزیراعظم کی جانب سے روس پر ایسے بے بنیاد الزامات عائد کرنا حیران کن ہے، کیونکہ دونوں ممالک ایک بھرپور مشترکہ تاریخ رکھتے ہیں، روس کو یہود دشمن آن لائن مہم سے منسلک کرنے کی کوششیں مضحکہ خیز ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے اور ماضی میں خود بھی متعدد مرتبہ اس کا اعتراف کر چکا ہے کہ روس میں مختلف قومیتوں اور مذاہب کے درمیان امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کی حکومتی پالیسی کے نتیجے میں یہود دشمنی کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
روسی وزارت خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان حالات میں روس پر یہود دشمن مہم چلانے کا الزام عائد کرنا حقائق کے منافی ہے، ماسکو کا یہ ردعمل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے روس کے مبینہ طور پر انٹرنیٹ پر یہود دشمن مہم میں ملوث ہونے کے دعووں کے بعد سامنے آیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments