آزادکشمیر کا 79واں یومِ تاسیس، تحریکِ آزادی اور نظریہ الحاقِ پاکستان کی تجدید

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزادکشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے 79ویں یومِ تاسیس کے موقع پر شہداء، مجاہدینِ آزادی اور بانیانِ آزاد کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کی تکمیل اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر آزادکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 24 اکتوبر قربانی، عزم اور آزادی کی جدوجہد کی روشن علامت ہے، 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تحریکِ آزادی کشمیر کا بنیادی مقصد ابھی تک تشنۂ تکمیل ہے، آزادکشمیر تحریکِ آزادی کشمیر کی عظیم امانت ہے اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

صدر آزادکشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی استقامت، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی اور مضبوط ادارے ایک مستحکم معاشرے کی بنیاد ہیں۔ شہداء کے خوابوں کی تکمیل، عوامی حقوق کا تحفظ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر ہمارا عزم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے جائز اور مسلمہ حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن کو امن، اتحاد، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کے 79ویں یومِ تاسیس پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 24 اکتوبر ہمارے اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام تحریکِ آزادی کشمیر کی جدوجہد کا اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی جبر و استبداد میں زندگی گزار رہے ہیں، پاکستان کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگی۔

یومِ تاسیس کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...