سیف سٹی پراجیکٹ سے جرائم میں کمی، شہری محفوظ

سیف سٹی پراجیکٹ سے جرائم میں کمی، شہری محفوظ

شہر میں 230 سے زائد مقامات پر 1500 سے زائد ہائی کوالٹی اور ہائی رینج سی سی ٹی وی کیمرے جبکہ 230 سے زائد ڈوم کیمرے نصب، پولیس کی خصوصی ڈیوٹیاں

فیصل آباد (عبدالباسط سے )پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں قائم سیف سٹی پروجیکٹ کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کی مدد سے مؤثر مانیٹرنگ، جرائم کی پیشگی نشاندہی اور پولیس کو بروقت معلومات کی فراہمی کے باعث شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیف سٹی حکام کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت فیصل آباد میں جرائم کی مجموعی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔شہریوں کو جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے سیف سٹی فیصل آباد کی جانب سے شہر بھر میں 230 سے زائد مقامات پر 1500 سے زائد ہائی کوالٹی اور ہائی رینج سی سی ٹی وی کیمرے جبکہ 230 سے زائد ڈوم کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ان کیمروں کی مدد سے سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے کنٹرول روم سے شہر کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔سیف سٹی حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی بالخصوص اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور مشتبہ سرگرمیوں کی نگرانی میں مدد لی جا رہی ہے ۔ سابقہ جرائم کے ریکارڈ کی بنیاد پر مختلف ہاٹ سپاٹ ایریاز بھی مقرر کیے گئے ہیں جہاں پولیس کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ واردات سے قبل مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔سیف سٹی ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث فیصل آباد میں گزشتہ سال کی نسبت جرائم کی وارداتوں میں 18 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

خواتین کے تحفظ اور ان سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو 88 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2700 سے زائد درخواستوں پر مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 85 ہزار سے زائد درخواستوں کو حل کیا گیا۔اسی طرح چائلڈ سیفٹی کارنر پر 13 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 12 ہزار 800 سے زائد کیسز کو حل کیا گیا جبکہ 2200 سے زائد واقعات میں مقدمات درج کروائے گئے ۔ میرا پیارا کارنر میں موصول ہونے والے 1700 سے زائد کیسز میں سے 1670 سے زائد کیسز کو بھی حل کیا گیا۔سیف سٹی کے ریجنل کمانڈنٹ آفیسر ایس ایس پی رضا اللہ خان نے کہا کہ کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پر قابو پانے میں پولیس کو مؤثر معاونت مل رہی ہے ۔ سیف سٹی صرف جرائم کی روک تھام تک محدود نہیں بلکہ عوامی فلاحی سرگرمیوں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...